ساتھیوں سے چھکے چوکے کھائے تو پورا سال باتیں سننا پڑیں: شاداب خان


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ایونٹ میں اپنے ساتھیوں سے چھکے چوکے کھائے تو پورا سال باتیں سننا پڑیں۔ کوشش کروں گا اس پی ایس ایل میں انجری کا شکار نہ ہوں،گزشتہ سال انجری کی وجہ سے ٹیم کو نقصان ہوا۔پہلے پی ایس ایل کے بعد مجھے اعتماد ملا، پہلے صرف بائولنگ کرتا تھا لیکن پھر میں نے خود پر اعتماد کیا اور جب کپتان بنایا گیا تو میں نے کپتانی کا فائدہ اٹھایا اور اوپر جاکر بیٹنگ کی۔پی ایس ایل سکِلز گیمز ہوتا ہے، اس میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کی خوبی اور خامی کو جانتے ہیں جبکہ پاکستان سپر لیگ کا بائولنگ سٹینڈرڈ دنیا میں مقبول ہے۔ پی ایس ایل میں اپنے ٹیم میٹ سے مار کھائی تو پورا سال سننا پڑتی ہے، بیٹنگ میں بابر اور فخر سے بچنا پڑتا ہے اگر انہوں نے چھکے چوکے لگائے تو خوب ریکارڈ لگے گا اور باتیں بھی سننا پڑیں گی، بائولنگ میں حارث رؤف سے بچنا ہوتا ہے کیونکہ اس نے آؤٹ کردیا تو بڑی باتیں سننا پڑیں گی۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ابتدائی پی ایس ایل ایڈیشن میں مجھے میچز نہیں ملے جس کا مجھے بڑا نقصان ہوا ہے۔ ملتان سلطانز نے مجھے بحیثیت کپتان مکمل آزادی دی ہے۔ یہ پارٹ آف گیم ہے کسی کو ذمہ دار قرار نہیں دوں گا، ملتان سلطانز نے جو اعتماد کیا کوشش کروں گا اس پر پورا اتروں۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ  میں ان کی اولین ترجیح پلے آف میں پہنچانا ہے۔پی ایس ایل کا شمار دنیا کی بہترین لیگ میں ہوتا ہے، گیارہ مہینے پی ایس ایل کی تیاری اور اس کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔پی ایس ایل میں کوالٹی آف کرکٹ بڑھتی جارہی ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ اچھے ملکی کھلاڑی بھی آرہے ہیں، اس بار کراچی کنگز میں کئی میچ ونر موجود ہیں۔ اس سال ساری ٹیمیں برابر کی ہیں، کوئی بھی ٹیم چیمپئن بن سکتی ہے لیکن ہماری اولین ترجیح پلے آف میں پہنچنا ہے۔ شاہین کی شادی کے بعد پیس کم ہوتی ہے یا بڑھتی ہے، شادی کے بعد وہ گراونڈ میں ہنستے مسکراتے بھی رہیں گے یا نہیں، دیکھنا پڑے گا۔
 حال ہی میں جن کرکٹرز کی شادی ہوئی ان سے گراونڈ میں خوب ہنسی مذاق ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن