لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل سپیشل اولمپک کینیڈا کے ہیڈکوچ گلین کرڈن ایک ہفتے کے دورے پر کراچی پہنچ گئے جہاں وہ سپیشل اولمپک ورلڈ گیمز کیلئے پاکستانی کوچز کو تربیت فراہم کرینگے۔کراچی آمد پرسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی و دیگر عہدیداران نے گلین کرڈن کااستقبال کیا۔واضح رہے کہ رواں سال جرمنی کے شہر برلن میں 17 تا 25 جون تک کھیلے جانے والے سپیشل اولمپک ورلڈ گیمزکی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کراچی پورٹ ٹرسٹ سپورٹس کمپلیکس میں لگایا گیا۔ہیڈ کوچ گلین کرڈن نے رونق لاکھانی کے ہمراہ کیمپ کادورہ کر کے کوچز اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کاجائزہ لیا۔ گلین نے کہاکہ پاکستان میں آکر بہت خوشی محسوس ہوئی اور یہاں کی میزبانی کو انجوائے کر رہا ہوں ،یہ ملک کھیلوں کے حوالے سے دنیا بھرمیں اپنا مقام رکھتا ہے۔ کوچنگ سمینار پاکستانی کوچز کیلئے بہت مفید ثابت ہوگا جس سے استعفادہ حاصل کرنے والے کوچز مستقبل میں سپیشل اتھلیٹس کی بہترین تربیت اور رہنمائی کر سکیں گے اور اس کی روشنی میں پاکستان کے سپیشل اتھلیٹس کی کارکردگی مزید بہتری کی جانب گامزن ہو گی۔سپیشل اتھلیٹس ہمارے لیے انسپائریشن ہیں ‘یہ بچے اپنے کھیل کو دل و جان سے کھیلتے ہیں۔ پاکستانی اتھلیٹس میں جیت کا جذبہ نظر آ رہا ہے ‘ امید ہے کہ یہ سپیشل ورلڈ گیمز میں اپنے ملک کیلئے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کریں گے۔