لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے آئی جی پنجاب کو سابق وزیر اعلی پنجاب کے مشیر عامر سعید راں ایڈووکیٹ کو بازیاب کروا کر 10 فروری تک پیش کرنے کی مہلت دے دی ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ پولیس مغوی کی بازیابی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے۔ عدالت نے درخواست گزار کو ڈی جی انٹی کرپشن کو فریق بنانے کی ہدایت کر دی۔ آئی جی پنجاب نے عامر سعید کا کال ڈیٹا عدالت میں پیش کیا۔ آئی جی نے بتایا کہ پونے گیارہ بجے عامر سعید نے ایک خاتون اور سلیم کو کال کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا گاڑی میں ٹریکر لگا ہوا ہے؟ آئی جی نے کہا جی اگر لگا ہوا ہو تو پھر بھی جدید ٹیکنیک سے سگنل روکے جا سکتے ہیں۔ تین دن دیئے جائیں تمام کیمروں کے ریکارڈ کو چیک کر کے بتا سکتا ہوں۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عامر سعید راں کو کسی قانونی جواز کے بغیر حراست میں لیا گیا۔