واشنگٹن(این این آئی) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے ترکیہ میں تباہ کن زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر واشنگٹن میں اپنے ترک ہم منصب سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ترکیہ کے سفیر حسن مورت مرکان کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک گفتگو میں مسعود خان نے کہا کہ وہ ترکیہ میں آنے والے زلزلے س یہونے والی المناک تباہی پر دکھی اور غمزدہ ہیں۔ترک ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ ہم زلزلے سے متاثرہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سفیر پاکستان نے ہزاروں زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے واشنگٹن ڈی سی میں ترک سفیر کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستانی سفارت خانہ اپنے ترک بہن بھائیوں کے لئے دعا گو ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام غم کی اس گھڑی میں ترک قوم کیساتھ کھڑے ہیں۔سفیر پاکستان نے ترک ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے مشکل کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے صدر رجب طیب اردگان سے بات کی ہے اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ور وہ ترکی بھی جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے امدادی سامان اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی روانہ کر دی گئی ہے۔