اسلام آباد(وقائع نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اسامہ ستی قتل کیس میں دو ملزمان کو سزائے موت اور تین ملزمان کو عمرقید کی سزاکا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیباچوہدری کی عدالت سے جاری 44 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ میں کہاگیاہے کہ ملزم مدثر مختیار نے گولی نہیں چلائی، ملزم شکیل احمد گاڑی چلارہاتھا،ملزم سعید احمد نے مشین گن سے ایک فائر کیا،ملزم افتخار نے 9ایم ایم سے 4 اور ملزم مصطفیٰ نے ایس ایم جی سے 17 فائر کیے،پوسٹمارٹم کے مطابق اسامہ ستی کی موت زخموں اور تقریباً 2 لیٹر خون کے ضائع ہونے سے ہوئی،اسامہ ستی کے سر، بازو اور جسم کے مختلف حصوں پر 11 گولیوں کے زخم تھے،مقتول کے والد کے مطابق اسامہ ستی کی ایک دن قبل پانچوں ملزمان سے تلخ کلامی ہوئی تھی،مقتول کے والد کے مطابق پانچوں ملزمان نے اسامہ ستی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی ۔