لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والی شخصیات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو توشہ خانہ کو بیان حلفی سمیت رپورٹ جمع کروانے کیلئے 21 فروری تک مہلت دیدی ہے۔ توشہ خانہ ریکارڈ فراہمی کی درخواست پر عدالت نے کہا آپ کو اخری موقع دے رہے ہیں کہ تحائف حاصل کرنے والی شخصیات کا ریکارڈ لے کر آئیں، اگر آئندہ سماعت پر نہ لائے تو نتائج کے ذمہ دار آپ خود ہونگے، بیان حلفی جمع نہ کروایا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، عدالت نے استفسار کیا کہ عدالت نے توشہ خانہ کی تفصیلات بیان حلفی کیساتھ طلب کی تھیں وہ معلومات کہاں ہیں، وہ افسر کہاں ہے جسے بیان حلفی کیساتھ طلب کیا گیا تھا، جس پر توشہ خانہ کے سیکشن افسر نے کہا کہ ہم توشہ خانہ کی معلومات عوام الناس کے سامنے ظاہرکرنے پر غور کررہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عدالت کو اس سے کوئی سروکار نہیں، عدالتی حکم عدولی پر کیوں نہ توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا جائے، سیکشن افسر کا مبہم جواب مسترد کردیا۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ کابینہ ڈویژن نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات شائع کیں، نواز شریف، آصف زرداری سمیت دیگر تحائف کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
''آخری موقع''توشہ خانہ تحائف شخصیات کی تفصیلات نہ دینے پر ہائیکورٹ برہم
Feb 08, 2023