کراچی (اسٹاف رپورٹر) ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے کئے گئے سروے کے بعد شہر کی 250سے زائد اسکیمیں سندھ حکومت کے ماتحت چلنے والے پروجیکٹ (CLICK) کو منتقل کردی گئیں۔ کے ڈی اے نے گذشتہ غیر معمولی بارشوں کے دوران شہر کے تباہ ہونے والے انفرااسٹرکچر سے متعلق رپورٹ سندھ حکومت کو ارسال کی تھی۔ سندھ حکومت کے احکامات پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ اور سابقہ ممبر فنانس کے ڈی اے اور موجودہ میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین کی نگرانی میںادارے کی ٹیم نے شہر کی سڑکوں کا سروے کر کے250 سے زائد اسکیموں کا منصوبہ تیار کیا جس
میں سڑکوں کی اہمیت، موجودہ حالت بشمول لمبائی وغیرہ کے متعلق رپورٹ سندھ حکومت کو پیش کی گئی تھی۔ ادارہ ترقیات کراچی کی پیش کردہ رپورٹ کے بعد سندھ حکومت نے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کے اقدامات پر عملدرآمد کے لیے تمام منصوبے (CLICK) کو منتقل کردیے ہیں۔ کے ڈی اے رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل کی 50 اسکیموں میں 7مکمل اور 15 پر ترقیاتی کام جاری ہے، ڈسٹرکٹ ایسٹ کی46 اسکیموںمیں سے 5 مکمل اور 8 اسکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ضلع ملیر کی 11 اسکیموں میں سے 04 پر کام جاری ہے جبکہ ضلع کورنگی کی 7 میں سے 3 ، ڈسٹرکٹ ویسٹ کی7میں سے 3، اور ڈسٹرکٹ سائوتھ میں95میں سے 20 پر ترقیاتی کام جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کی بھی20 اسکیموں میں سے10 پر ترقیاتی کام جاری ہے۔