اخروی نجات کا دارومدار ایمان پر ہے، مولانا عمران عطاری

Feb 08, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایمان ایک ایسی شے ہے جس پر بندے کی اخروی نجات کا دارومدار ہے اور ایمان کے درست ہونے کیلئے عقائد کا درست ہونا ضروری ہے،لہٰذا صحیح اسلامی عقائد کی معلومات کا ہوناضروری ہے،جسے اسلامی بنیادی عقائد کی 
معلومات ہی نہ ہو کہ جن پر ایمان کے درست ہونے کا دارومدار ہے تو وہ یہی گمان کرتا رہے گا کہ اس کا ایمان درست ہے اور حالت اس کے برخلاف ہوگی،اگر اس کا ایمان برباد ہوگیا تو ہمیشہ کیلئے جہنم کا دردناک عذاب اس کا مقدر ہوگا،لہٰذا عقائد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے   عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں فیضان آن لائن اکیڈمی کے ٹیچر ز اوراسٹاف کیلئے منعقدہ تربیتی اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ توحید کے متعلق غلط باتیں ذہنوں میں ڈال دی جاتی ہیں،اسی طرح کی وہ غلط باتیں ذہنوں میں ڈال دی جاتی ہیں جن سے ایمان برباد ہوجانے کا خطرہ ہوتا ہے،ایسے میں اگر بچے غلط راہ پر چل پڑے تو وہ اسلام چھوڑنے کا اعلان کردیتے ہیں اور اپنے والدین سے تعلق ختم کردیتے ہیں،لہٰذا یہ سب سے اہم موضوع ہے کہ ہمارا عقیدہ مضبوط ہونا چاہئے،اس کیلئے فیضان آن لائن اکیڈمی عقیدہ کی تعلیم اور اس کی حفاظت کیلئے بہترین ادارہ ہے۔نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ شریعت نے کچھ اصول اور قوانین مقرر کئے ہیں جن کی وجہ سے معاملات کے حلال وحرام ہونے پر انحصار ہے،یہ وہی اصول ہیں جو ہمیں حلال وحرام کی تمیز سیکھاتے ہیں،اگر کوئی وہ اصول نہ سیکھے تو اس کے حلال کی جگہ حرام میں پڑ جانے کا اندیشہ ہے اور خود کو اللہ پاک کے عذاب میں گرفتار کرنے کا سبب ہے،قرآن میں جو کچھ ہے وہ بالکل درست ہے اس میں کوئی شک وشبہ کی گنجائش نہیں ہے،قرآن کریم میں زیر زبر پیش کی تبدیلی بھی نہیں ہوسکتی،اللہ پاک ہمارا ایمان سلامت رکھے۔

مزیدخبریں