کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے منگل کو کراچی میں ترکی کے قونصل خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترکی کے قونصل جنرل کیمل سانگو سے ملاقات کی۔ قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ترکی میں زلزلے سے ہونے والے بھاری انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ترکی ہمارا برادر ملک ہے اس لیے ہم ترکی میں انسانی جانوں کے ضیاع کو اپنا سمجھتے ہیں۔ڈاکٹر صحرائی نے کہا کہ پاکستان، خاص طور پر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ترکی کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں کیونکہ ترکی کی حکومت نے 19ویں صدی میں ایس ایم آئی کے بانی خان بہادر حسن علی کو "افندی" اور "بے" کے خطابات سے نوازا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ مذکورہ قدرتی آفات نے پاکستانی عوام کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ڈاکٹر صحرائی نے قونصلیٹ جنرل میں رکھی تعزیتی کتاب میں بھی اپنے خیالات لکھے۔