اسلام آباد(نامہ نگار)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا انوار الحق اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے ترکی اور شام میں آنے والے زلزلے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیاانہوں نے کہا ترکی کے شامی بارڈر سے ملحقہ شہروں عرفہ،ریحانلی،غازی انطب اور دیگر علاقے بری طرح متاثر ہوئے اور شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے-قائدین وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے پوری قوم بالخصوص مدارس ومساجد کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ زلزلہ متاثرین کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔قائدین وفاق المدارس نے زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی،زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے خصوصی دعا کی-قائدین وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر میں آنے والے زلزلے،سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے موقع پر ترک حکومت اور عوام نے بڑھ چڑھ کر تعاون کیا اب وقت ہے کہ پاکستانی قوم بھی ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہرممکن تعاون کا اہتمام کرے.وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے ترک حکومت اور عوام کو دکھ کی اس گھڑی میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرواء اور مختلف رفاہی اداروں کے اشتراک سے ترکی میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔