گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ عام آدمی کو اشیا خوردونوش کی کنٹرول قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے اور حکومتی احکامات کے مطابق ناجائز منافع خوروں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے پرائس کنٹرول میکنزم کو مثر بنایا جائے گا۔ شہر وضلع میں ایسی اہم مارکیٹس کی نشاندہی کرلی گئی جہاں مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں کیا، ڈی سی نے کہا کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے اختیارات کو وسیع تر عوامی مفاد میں بروئے کار لائیں تاکہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں ۔ دریں اثنا ء ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری سکولوں کے اساتذہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کا درس بھی دیں،انہیں سچ ہولنے کی ترغیب دیں اور دینی و دنیاوی لحاظ سے ذہنی نشوونما کے لیے آگاہی پر مشتمل مضامین سکھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کے لئے مزید محنت کی جائے۔علاوہ ازیںضلعی محکموں کے سربراہان کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ افسر خود کو حاکم کی بجائے عوامی خادم سمجھیں، اچھے رویے اور حکومتی خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور آسانی لاکر عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں، ا نہوں نے کہا تمام محکموں کے سربراہان خود اور ماتحت افسروں و عملہ کی صبح 9 بجے حاضری یقینی بنائیں، وقت کی پابندی پر قطعاً سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
منافع خوروں کی گرفت کیلئے پرائس کنٹرول میکنزم کو موثر بنایا جائے گا:ڈپٹی کمشنر
Feb 08, 2023