قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈی پی او آفس کے کمیٹی روم میں پولیس افسروں کیساتھ تربیتی سیشن کا انعقاد ہوا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر ارشد بھٹی، ڈی پی او طارق عزیز،ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اوردیگر پولیس افسروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ماہر تعلیم سید قاسم علی شاہ نے پولیس افسروں سے خطاب کرتے کہا کہ آپ کس رینک میں بھی اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں اس سے زیادہ اہمیت کی حامل یہ بات ہے کہ آپ لوگوں کیلئے کتنے فائدہ مند ہیں۔ یہ عہدہ و اختیار، کرسی و اقتدار تھوڑے سے وقت کے لیے انسان کو عطا ہوتے ہیں۔ کچھ لوگ ان کے بہترین استعمال کی وجہ سے تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہو جاتے ہیں اور ان کا نام سنہری حروف میں لکھا جاتا ہے جبکہ کچھ ان کے غلط استعمال کی وجہ سے تاریخ میں ہمیشہ کے لیے روسیاہ ٹھہرتے ہیں۔پولیس کی ڈیوٹی بلاشبہ بہت مشکل ہے لیکن اس ڈیوٹی میں رہ کر اپنے اللہ کو راضی کر سکتے ہیں اور اللہ کو راضی کرنے کا بہترین طریقہ اسکے بندوں کی خدمت کرنا ہے ۔ سید قاسم علی شاہ نے اپنی نئی تحریر کردہ کتاب بھی ڈی پی اوقصور کو پیش کی جبکہ ڈی پی اوقصور نے انھیں قصور پولیس کی طرف سے تحائف پیش کیے۔