اسلام آباد (وقائع نگار ) چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف، سینئر رہنماءوفاقی وزیر سیفران سینیٹر محمد طلحہ محمود معاون خصوصی وزیراعظم سردار شاہ جہان یوسف،مرکزی کو آرڈی نیٹر پروفیسر سجاد قمر نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال سے صوبہ ہزارہ کے قومی اسمبلی میں زیر التوا ءبل کے حوالے سے ملاقات کی۔اس موقع پر ایم این ایز آغا رفیع اللہ،ایم این اے جام خالد مگسی ،سا بق ایم پی اے سردار ظہور احمد ،سابق نائب تحصیل ناظم سردار لیاقت کسانہ بھی موجود تھے۔ چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر سیفران سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کی جدوجہد انتظامی بنیادوں پر ہے اور اس کے حوالے سے صوبے میں دو دفعہ قرارداد منظور ہو گئی ہے۔اور قومی اسمبلی میں گذشتہ تین سال سے صوبہ ہزارہ کا بل زیر التواءہے۔اس پر فوری اقدامات کیے جائیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ قومی اسمبلی میں صوبہ ہزارہ کا جو بل جمع ہوا ہے اس پر ان کے بھی دستخط ہیں۔اور پاکستان مسلم لیگ اس کی حامی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایوان میں خالی نشستیں مکمل ہو جائیں تو اس کو آگے بڑھائیں گے۔مرکزی کو آرڈی نیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ صوبہ ہزارہ ایک غیر سیاسی مسئلہ ہے۔اور اس پر ہم کوئی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہتے۔تمام قومی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اس پر اپنے وعدوں پر عمل در آمد کریں۔
ملاقات
i احسن اقبال سے سرداریوسف، سینیٹرطلحہ محمود ،شاہ جہان یوسف کی ملاقات
Feb 08, 2023