ہم پرتمام ایف آئی آرز سیاسی بنیادوں پر کاٹی گئی ہیں۔شاہ محمود قریشی

Feb 08, 2023 | 12:52

پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم پرتمام ایف آئی آرز سیاسی بنیادوں پر کاٹی گئی ہیں، مجھ پر مجمع کو اکسانے کی کوشش کرنے کا الزام ہے۔اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری کوئی تقریر پیش کردیں جس پر میں نے مجمع کو اکسایا ہو، مجھ پر تمام مقدمات سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں مجھ پر اسلام آباد کے پانچ مختلف تھانوں میں 6 مقدمات درج ہوئے، سیاسی نوعیت کی دفعات لگائی گئیں، جن کا مقصد ہراساں کرنا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف قانون اور آئین کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، تمام ایف آئی آرز سیاسی بنیادوں پر کاٹی گئی ہیں، آئینی قانونی اور سیاسی جنگ جاری ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران جرائم کی شرح میں کمی آئی تھی، 2022 میں اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قومی سلامتی پالیسی بنائی۔انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چل رہی ہے، مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے، سانحہ اے پی ایس پر ہم نے دھرنا ختم کیا اور اے پی سی میں شریک ہوئے، اس وقت ماحول کچھ اور ہے، انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔

مزیدخبریں