اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر) الیکشن کمشن سیکریٹریٹ کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن سیکرٹریٹ کی سکیورٹی کیلئے پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔ جہاں رینجرز، ایف سی اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار الیکشن کمشن سکیورٹی پر تعینات رہیں گے۔ الیکشن کمشن کے مرکزی سیکرٹریٹ کی بم ڈسپوزل نے تلاشی لی اور پھر عمارت کی سکیورٹی رینجرز، ایف سی اور اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دی۔ الیکشن کمشن سیکرٹریٹ کی سکیورٹی 10 فروری تک ہائی الرٹ رہے گی۔ اُدھر الیکشن کمشن نے شکایت کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن نمبر 051111327000 جاری کر دیا۔ ترجمان الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ نمبر پر کال کر کے 24 گھنٹے شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔