اسلام آباد‘ صوبائی دارالحکومتوں میں میڈیا سنٹر قائم‘ نمائندوں کا انتخاب عوام کا حق: مرتضیٰ سولنگی 

Feb 08, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، وزارت اطلاعات و نشریات نے 8 فروری 2024ء کو پولنگ اور انتخابات کے نتائج کی کوریج کیلئے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ انتخابات کی کوریج کرنے والے مقامی اور غیر ملکی صحافیوں کی سہولت کے لئے پی آئی ڈی نے اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں اپنے علاقائی دفاتر میں الیکشن میڈیا سینٹرز قائم کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بدھ کے روز میڈیا کانفرنس ہال، پی آئی ڈی اسلام آباد میں قائم الیکشن سٹی میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا۔ پی آئی ڈی کے وفاقی دارالحکومت سمیت تمام علاقائی دفاتر میں قائم سینٹرز میں صحافیوں کو ایک چھت کے نیچے تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں جہاں صحافی الیکشن کمشن کی جانب سے اعلان کردہ انتخابی نتائج فوری طور پر حاصل کر سکیں گے۔ الیکشن سٹی میڈیا سینٹرز میں تربیت یافتہ معاون عملہ 24 گھنٹے موجود ہوگا جبکہ میڈیا سینٹرز میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ، ٹیلیفون، ایل ایل ڈیز، ایس ایم ڈیز اور میگا سکرینز کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ علاوہ ازیں انتخابات کی کوریج کے لئے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی 37 ٹیموں کو پی آئی ڈی ہیڈ کوارٹرز اور اس کے علاقائی دفاتر کی جانب سے شہری اور دیہی علاقوں کے مختلف پولنگ سٹیشنوں پر پہنچانے کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ اپنے نمائندوں کا انتخاب عوام کا حق ہے، پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، کوئی بھی ہمیں اپنے اس جمہوری عمل سے نہیں ہٹا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام الیکشن 2024ء کی کوریج کے لئے میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے لوگوں کے ذہنوں میں بہت سے خدشات تھے۔ تمام تر خدشات اور افواہوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے الیکشن کا انعقاد ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں