انتخابات سے متعلق اقوام متحدہ کی تشویش مسترد، قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے پرعزم: پاکستان

Feb 08, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی دفتر خارجہ  نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کی جانب سے ملک میں آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات سے متعلق تشویش کو مسترد کر دیا۔ اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق دفتر کے ریمارکس پر پاکستانی دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ا یک جامع جمہوری عمل کو فروغ دینے اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کیلئے پوری طرح پُرعزم ہے، بنیادی آزادیوں کی ضمانت پاکستان کے قوانین اور آئین میں دی گئی ہیں۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ قوانین کے مطابق آٹھ فروری کو انتخابات کے انعقاد کے لیے سکیورٹی منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ان کاکہنا تھاکہ ہمارا عدالتی نظام منصفانہ ٹرائل اور مناسب قانونی عمل فراہم کرتا ہے، انتخابی عمل میں کسی بھی شکایت کی صورت میں داخلی قانونی راستے موجود ہیں۔ اقوام متحدہ نے پاکستان میں پارلیمانی انتخابات سے پہلے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے خلاف تشدد پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ 

مزیدخبریں