لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق انگلش کرکٹر ای این بوتھم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ’باز بال‘ کرکٹ کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی جان پڑگئی ہے۔ آپ کو صرف لوگوں کی تعداد کو دیکھنا ہے۔ کراؤڈ اب ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آنا شروع ہو گیا ہے۔ آج سے 20، 30 سال پہلے بھارت میں گراؤنڈ بھرے ہوئے ہوتے تھے۔ اچانک ہی آئی پی ایل آیا اور اسی طرح ایک روزہ کرکٹ بھی آئی اور پھر لوگوں کی پسند بھی تبدیل ہوگئی۔ اب لوگ ٹیسٹ کرکٹ کو دیکھنے واپس آرہے ہیں اور ’باز بال‘ کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کا کھیل دیکھنے ا?ئیں تو آپ کو انھیں تفریح فراہم کرنا ہوگی۔ وہ کسی کو 1.2 رنز فی اوور کے حساب سے سکور کرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے، وہ کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔انگلینڈ نے اس طرح کی کرکٹ کھیلتے ہوئے تقریباً 15 ٹیسٹ کھیلے ہیں اور ان میں سے 12 میں فتح حاصل کی ہے۔ انگلینڈ اس طرح کھیلتا ہے کہ پانچوں دن کھیل میں دلچسپی موجود ہوتی ہے۔