پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل‘واپڈا ‘ ایس این جی پی ایل کل سے مد مقابل  

Feb 08, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر) واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سوئی ناردن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی ٹیمیں  پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں مدمقابل ہونگی۔ پانچ روزہ فائنل 9 سے 13 فروری تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔واپڈا اور ایس این جی پی ایل نے سات راؤنڈز کے میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہنے کے بعد فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں تمام سات ڈیپارٹمنٹس کی ٹیموں نے چھ میچ کھیلے۔ واپڈا نے چھ میں سے پانچ میچ جیت کر  62 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ ایس این جی پی ایل نے چھ میں سے چار میچ جیتے اور 57 پوائنٹس تھے۔ واپڈا کی قیادت افتخار احمد کریں گے جبکہ ایس این جی پی ایل کی قیادت اسد شفیق کریں گے۔عمر اکمل چھ میچوں میں 489 رنز بناکر واپڈا کی طرف سے سرفہرست ہیں۔ بائیں ہاتھ کے سپنر آصف آفریدی نے پانچ میچوں میں 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 42 وکٹیں غنی گلاس کے محمد رمیز جونیئر نے حاصل کی ہیں۔عابد علی ایس این جی پی ایل کی طرف سیچھ میچوں میں 532 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر ہیں۔ لیگ سپنر عارف یعقوب اور دائیں ہاتھ کے تیز بائولر محمد علی اب تک ایس این جی پی ایل کی طرف سے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 19  وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔

مزیدخبریں