لاہور(سپورٹس رپورٹر)یوم یکجہتی کشمیر فرینڈ شپ کپ کراٹے چیمپئن شپ بہاولپور میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کراچی، بہاولپور اور لاہور کے 100 سے زائد گرلز اور بوائز کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔ شن بوکو ایسوسی ایشن آف کراٹے ڈو پاکستان اور سپورٹس کراٹے ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے منعقدہ چیمپئن شپ کے چیف آرگنائزر شیہان شاہد انصاری تھے۔ کراچی سے شوتوکان کے ماسٹر شیہان شہزاد احمد، کیوکوشن ریو کے ماسٹر شیہان سید شکیل احمد، گوجوریو کے ماسٹر شیہان جاوید علی‘لاہور سے شوتوکان کے سینسی عبدالرحمن، اور کراچی سے سیمپائی استشنا ڈینیل کا ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور میں شاندار استقبال کیا گیا۔ممبر چیمبر آف کامرس ارشد نزیر رحمانی اور سابقہ نائب صدر غلام فرید نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈل اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔کراچی کے وثیق، فواز اور مدثر نے گولڈ میڈل حاصل کرلئے جبکہ لاہور کے کم عمر کھلاڑی سرمد نے کاتا اور کومیتے دونوں میں سلور میڈل حا صل کیے۔ بہاولپور کے کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ میڈل حاصل کئے۔ بہاولپور نے پہلی، کراچی نے دوسری جبکہ لاہور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان ماسٹرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کو شیلڈز بھی ایوارڈ کی گئیں۔
یوم یکجہتی کشمیر فرینڈ شپ کپ کراٹے چیمپئن شپ ‘ وثیق، فواز ‘ مدثر کے گولڈ میڈل
Feb 08, 2024