لاہور(نامہ نگار)عام انتخابات 2024ء کے پر امن انعقاد کیلئے پنجاب پولیس نے اپنے سکیورٹی انتظامات اور تیاریاںمکمل کرلی ہیں۔ لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیموں نے ڈیوٹی پوائنٹس سنبھال لئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کے ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سکیورٹی پر تعینات ہونگے، ضلعی پولیس کیساتھ ساتھ ڈولفن، پیرو، پنجاب کانسٹیبلری، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی سمیت تمام فیلڈ فارمیشنزکے افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کیلئے 32 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کیخلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے اور انتخابی عمل کو سبوتاژ پر بلا تفریق کاروائی ہوگی،5577 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس اور کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات ہونگی۔ ملک دشمن و شر پسند عناصر کو روکنے کیلئے بارڈر چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری ہے۔ پولیس افسران سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کیساتھ مکمل رابطے میں ہیں، صوبائی، ریجنل، ڈویژنل اور سی پی او کنٹرول رومز سے سکیورٹی انتظامات کی کلوز مانیٹرنگ کی جاری ہے۔