لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس میں بھرتی کے خواہشمند امیدواران کے نام اپنے پیغام کہا ہے کہ پولیس بھرتی کیلئے اپلائی کرنے والے تمام امیدواران اپنی پولیس ویریفکیشن لازمی کروائیں۔پنجاب پولیس میں 11 ہزار کانسٹیبلز کی نئی بھرتیوں کی اجازت مل گئی ہے اور میرٹ، میرٹ اور صرف میرٹ پر بھرتی ہونے جا رہی ہے۔ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے نوجوان خون کو پنجاب پولیس میں ویلکم کریں گے۔ بہادر و فرض شناس جوان قواعد و ضوابط کے مطابق بھرتی کا عمل کا حصہ بن رہے ہیں تاہم پولیس بھرتی کیلئے اپلائی کرنیوالے تمام امیدواران اپنی پولیس ویریفکیشن لازمی کروائیں۔ چھوٹے شہروں اور گاؤں میں شریکہ، برادری،جھوٹی گواہی یا دیگر وجوہات کی بنیاد پر اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو جاتا ہے، ان واقعات کی بنیاد پر اکثر اوقات بے گناہ لوگوں کو ایف آئی آر میں نامزد کر دیا جاتا ہے۔ پولیس بھرتی کے خواہشمند نوجوان اپلائی کرنے کیساتھ ہی اپنا ویریفکیشن سرٹیفکیٹ لازمی حاصل کر لیں، پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ کسی بھی پولیس خدمت مرکز سے باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے،ویری فکیشن سرٹیفکیٹ کی بدولت امیدوار کو اپنے پولیس ریکارڈ کی کلیرٹی بارے آگاہی حاصل ہو جاتی ہے۔ بعض اوقات آخری سٹیج پر پولکام سے امیدوار کے کریمنل ریکارڈ کا پتہ چلتا ہے جسے کلیئر کروانے میں امیدوار کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذاامیدواروں سے درخواست ہے کہ خدمت مرکز سے کلیرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اپنی دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں۔ اگر کسی نوجوان کو کلیرنس رپورٹ میں مشکل کا سامنا ہے تو وہ اسے عدالت کے ذریعے وقت پرکلیئر کروا سکتا ہے۔