لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امیدوار این اے 124 محمد جاوید قصوری نے بلوچستان کے 2 مختلف اضلاع میں ایک گھنٹہ کے دوران 2 دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والے کسی بھی قسم کی رعائت کے مستحق نہیں۔ ان واقعات میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتا ر کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہے۔ جماعت اسلامی جان بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے الیکشن کے سارے عمل کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔ دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔دشمن نہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نجات کیلئے عوام جماعت اسلامی کے امیدواران کو کامیاب کروائیں۔ ہم کامیاب ہو کر پاکستان کو پر امن، اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہمارے پاس عوام کو درپیش تمام مسائل کا حل موجود ہے جو جماعت اقتدار کے بغیر ریکارڈ فلاحی کام کر سکتی ہے۔ اس کو اگر اس کوحکومت مل جائے تو عوام خوشحال اور ملک ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔ ہمارے دامن کرپشن سے پاک ہیں۔8فروری کا دن ظالم حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا۔