معراج معجزات مصطفی ، تسخیر کائنات کے بند دروازے کھلنے کی ابتدا ہے:طاہر القادری 

Feb 08, 2024

لاہور ( خصوصی نامہ نگار )تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شبِ معراج کے بابرکت موقع پر کہا کہ واقعہ معراج کمال معجزات مصطفی ؐ اور تسخیر کائنات کے بند دروازوں کے کھلنے کی ابتدا ہے۔ اعلائے کلمہ حق اور توحید کی ترویج و اشاعت اور فروغ کیلئے اللہ رب العزت نے اپنے پیغمبروں کو معجزات سے نوازا، معجزات کا انکار قرآن و سنت کی تعلیمات کا انکار ہے۔ معراج کی شب کوئی چیز بھی پردہ غیب میں نہ رہی۔ آپؐ نے مظاہرات حق و کون و مکاں کا بچشم مشاہدہ فرمایا۔ معراج کی شب آپؐ  کو قیامت تک کے ہونے والے واقعات کا علم عطا کر دیا گیا۔ سفرعراج کے دوران حضور سرور کونین ؐ نے اللہ رب العزت کے جلال و جمال کی رعنائیاں اور لامکاں کی وسعتیں دیکھیں۔ آپ ؐ نے تاقیامت ظہور پذیر ہونیوالے واقعات کی جو نشاندہی فرمائی وہ تخیلات یا تصورات نہ تھے بلکہ عین حقیقت اور مشاہدات تھے جن کا اظہار تاوصال آپؐ بتدریج فرماتے رہے۔ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت کرو کیونکہ اللہ رب العزت نے پیغمبر آخر الزماں ؐ  کو تمام علوم و معارف عطا فرما دئیے تھے۔ آپؐ نے جو فرمایا وہ حق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپؐ  کوجنت، دوزخ کی حقیقت اور قبر و حشر کے سوالات و حسابات کی حقیقت سے بہرمند فرمایا تھا۔ آپؐ  کو شبِ معراج توحید و رسالت کی فضیلت و حقانیت کا کامل ادراک عطا فرمایا۔

مزیدخبریں