صحافیوں کو پلاٹ دینے کے خلاف درخواستوں پر 13 مارچ کو جواب طلب

Feb 08, 2024

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے روڈا کے تحت صحافیوں کو پلاٹ دینے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت سمیت فریقین سے 13مارچ کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے پنجاب حکومت اور روڈا کے اشتہار پر عملدرآمد عدالتی حکم سے مشروط کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے محکمہ اطلاعات کے ملازمین خواجہ محمد سمیع اللہ رفیق و دیگر کی درخواست پر 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کر دیا۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ادارہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر سرپرستی کام کرتا ہے۔ جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کا کام صحافیوں کی فلاح و بہبود ہے۔ فورم کا کام صحافیوں کو رہائش کیلئے بلا معاوضہ بغیر منافع پلاٹ فراہم کرنا ہے۔ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ملازمین کا کوٹہ 2004ء قانون میں مختص کیا گیا، الاٹمنٹ کے فارم جاری کرنا، پی جے ایچ ایف کا کام ہے۔ روڈا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہے اس کا اس میں کوئی دخل نہیں بنتا لہٰذا درخواست گزاروں کو بھی کوٹہ دیا جائے اور پٹیشن کے حتمی فیصلے تک عمل درآمد روکا جائے۔

مزیدخبریں