لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 30 روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے بعد مارکیٹ میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 670 روپے ہو گئی ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے سابق صدر عاصم رضا نے بتایا کی حکومت کی طرف سے فلور ملوں کو گندم کی اجرائی قیمت میں 50 روپے من اضافے کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک پنجاب کے درمیان مذاکرات کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی ایکس مل قیمت 648 روپے اور پرچون میں 670 روپے کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس سے پہلے 20 کلو تھیلے کی ایکس مل قیمت 618 روپے تھی اور مارکیٹ میں 640 سے 650 روپے تک کا فروخت ہو رہا تھا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 688 روپے اور پرچون قیمت 710 روپے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق آٹے کی قیمتوں کے بارے میں پنجاب حکومت کی پہلے سے قای¿م کمیٹی سے اس بارے میں مذاکرات ہونگے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر بلال اسلم صوفی نے بتایا کہ سیکرٹری فوڈ سے فون پر بات چیت میں کہا کہ گندم، بجلی، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 690 روپے اور پرچون قیمت 715 روپے مقرر کی جائے جس پر انہوں نے کہا کہ سردار ذولفقار علی کھوسہ کی سربراہی میں پہلے سے قائم کمیٹی آٹے کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔ اس صمن میں آج سیکرٹری فوڈ اور ڈائریکٹر فوڈ سے ہمارے مذاکرات ہو رہے ہیں۔