کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کو جمہوریت کیخلاف اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کی بقاءاور سلامتی کیلئے ضروری ہے کہ تمام قومیتوں کے حقوق وجود کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں ان کے حقوق دیئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا آئین میں ہمیں بہت سی چیزوں کا حق حاصل ہے ہم سیاسی جماعتیں تشکیل دے سکتے ہیں جلسے جلوس کر سکتے ہیں مگر اس کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ 10 لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرکے جمہوریت پر حملہ آور ہو جائیں آج جو لوگ عوام کا درد لئے لانگ مارچ کے دعوے کررہے ہیں جب ملک کے آئین میں ترمیم کی ضرورت تھی یہ لوگ اپنی ذمہ داریوں سے فرار حاصل کرکے کینیڈا چلے گئے اور اب 40 لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرکے لانگ مارچ کا اعلان کررہے ہیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ہونے والی ملاقات میں نے ان سے کہا تھا کہ موجودہ ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی روابط کی اشد ضرورت ہے جس پر انہوں نے میرے سامنے نوازشریف اور دیگر سیاسی رہنماﺅں سے رابطے کئے ان سے ملاقات کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ جمہوریت ہم سب کے پاس قوم کی امانت ہے اور اس کے تحفظ کیلئے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو یکجا ہونا ہوگا شیخ الاسلام کی جانب سے 40 لاکھ لوگوں پر مشتمل لانگ مارچ کا فیصلہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی ایک سازش ہے شیخ الاسلام لانگ مارچ کی بجائے انہی لوگوں سے ووٹ حاصل کرکے ایوان میں آئیں اور نظام کی تبدیلی کیلئے اقدامات کریں۔