نئی دہلی (آئی اےن پی) بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈکی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے تین میچوں کے لئے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ بھارتی دارالحکومت دلی میں بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ ٹیم میں بھارتی اوپنگ بلے باز ویرندر سہواگ کو شامل نہیں کیا گیا۔ انہیں پاکستان کے خلاف دلی میں کھیلے گئے آخری میچ میں بھی نہیں کھلایا گیا۔ اس کے برعکس مہندر سنگھ دھونی نے پاکستان کے خلاف آخری میچ جیت کر اپنی کپتانی بچالی حالانکہ بہت سے کرکٹر کپتانی میں تبدیلی کی بات کہہ رہے تھے۔ ان میچوں کے لئے ویرندر سہواگ کی جگہ حال ہی میں رانجی ٹرافی میں دو سو تین رنز بنانے والے چیتیشور پجارا کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کے خلاف چیتیشور پجارا نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ روہت شرما خراب فارم کے باوجود ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم بھارت کے دورے پر تھی اور اس نے چار ٹیسٹ کے علاوہ دو ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلے تھے اور ایک روزہ سیریز سے قبل کرسمس کا تہوار منانے کے لئے واپس اپنے ملک چلی گئی تھی۔ ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ نے دو کے مقابلے ایک میچ سے سیریز جیتی تھی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا تھا۔ دو ٹی ٹونٹی میچز میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتے تھے۔ بھارتی ٹیم میںمہندرا سنگھ دھونی (کپتان)،گوتم گھمبیر، چیتیشور پجارا، اجنکیا رہانے، یوراج سنگھ، روہت شرما، سوریش رینا، ویراٹ کوہلی، رویندر جدیجہ، روی چندرن اشون، اشوک ڈنڈا، ایشانت شرما، بھونیشور کمار، امت مشرا اور سمیع احمد شامل ہیں۔
انگلینڈکےخلاف ون ڈے سیریز کے لئے بھارتی ٹیم کا اعلان، وریندر سہواگ ڈراپ
Jan 08, 2013