فیروز والا : بینر لگانے پر فائرنگ ‘3 افراد قتل ‘ وائس چیئرمین کا امیدوار زخمی ‘ شیخوپورہ : مخالفن نے 2 افراد کو مار ڈالا

Jan 08, 2014

فیروزوالا+ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) لاہور روڈ پر واقع گائوں نبی پور ورکاں میں 2 سیاسی گروپوں کے امیدواروں کے درمیان بینرز لگانے پر جھگڑے پر تصادم، تین افراد ہلاک اور وائس چیئرمین کا امیدوار زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا جبکہ شیخوپورہ میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر تاریخ پیشی پر جاتے ہوئے بہنوئی اور سالے کو مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مار ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ یوسی خان پور میں بلدیاتی الیکشن میں وائس چیئرمین شپ کے دو امیدواروں چودھری عمر حیات اور قیصر علی ورک کے درمیان مقابلہ ہے اور دونوں امیدواروں نے سرگرمیاں تیز کر رکھی تھیں۔ قیصر ورک کے بینرز لگانے پر تلخ کلامی ہو گئی جس پر دونوں گروپوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں وائس چیئرمین کے امیدوار عمر حیات کا بھائی چودھری عبدالستار ہلاک جبکہ دوسرے گروپ قیصر علی ورک کا بھائی وقاص احمد اور کزن طاہر علی ورک ہلاک اور وائس چیئرمین کا امیدوار قیصر علی ورک زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ ایک اطلاع کے مطابق دونوں گروپوں کا تعلق مسلم لیگ (ن) گروپ سے ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل فیروزوالا پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ علاوہ ازیں علاقہ سچا سودا کے قریب تاریخ پیشی پر جاتے ہوئے مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دو افرادکو ہلاک کر دیا جو رشتہ میں سالا اور بہنوئی بتائے گئے ہیں۔ ملزمان نصیر خاں وغیرہ نے 2009میں مقتول علی حسن عرف کالی کے بھائی کو قتل کر دیا تھا جس کا گزشتہ روز مقامی عدالت میں فیصلہ تھا۔ مقتولین علی حسن عرف کالی اور اسکے بہنوئی فضل خاں کو ملزمان نے صبح سویرے ہی ڈیرہ ملا سنگھ سے شیخوپورہ آتے ہوئے سچا سودا کے قریب گھات لگا کر اندھا دھندفائرنگ کرکے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس کسی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔

مزیدخبریں