پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے لئے پی سی او کھولنے سمیت متعدد سہولیات فراہم کرنے کی منظوری

Jan 08, 2014

لاہور (معین اظہر سے) پنجاب پریژیزن فاؤنڈیشن کے تحت حکومت پنجاب نے غریب قیدیوں کو 500 روپے ماہانہ واشنگ اور کلیننگ الاؤنس، فری لیگل ایڈ، جیل میں ہلاک ہونے والے قیدیوں کو 10 ہزار تک دفنانے، ایمبولینس کی فری سہولت جیلوں میں قیدیوں کے لئے پی سی او کھولنے کی منظوری، جیل کے عملے کے بچوں کو 15 ہزار سے 23 ہزار تک سکالر شپ، 75 ہزار تک میرج گرانٹ، 25 ہزار فیونل گرانٹ کی منظوری دے دی ہے یہ منظوری فاؤنڈیشن کے چیئرمین ہوم سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی ہے۔ میں سپیشل سیکرٹری ہوم سیف انجم، عامر جان ایڈیشنل سیکرٹری جیل، میاں فاروق نذیر آئی جی جیل، اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فاؤنڈیشن کے حسابات کی منظوری دی گئی، 90 کروڑ روپے جیلوں کی کینٹین سے آمدن ہوئی جبکہ 80 لاکھ روپے فاؤنڈیشن نے ایک سال میں خرچ کئے، دو ریٹائرڈ افسروں کو فاؤنڈیشن میں رکھنے کی منظوری دی گئی، نذیر گریڈ 18 کے ریٹائرڈ افسر کو ایڈمنسٹریٹو آفیسر جبکہ حاجی فلک شیر ریٹائرڈ افسر کو اکاؤنٹنٹ رکھنے کی منظوری دی گئی۔ جیل ملازمین کے لئے جس پیکج کی منظوری دی گئی اس کے تحت میٹرک میں 60 فیصد نمبر لینے والے افسران و جیل ملازمین کے بچوں کو ایف اے میں 12 ہزار روپے، بی اے میں 15 ہزار تک سالانہ سکالر شپ دیا جائیگا۔ ایم اے میں 18 سے 22 ہزار تک سکالر شپ دیا جائے گا۔ ایم بی بی ایس انجیئرنگ اور ڈینٹل تعلیم کے لئے 18 سے 22 ہزار روپے تک سالانہ سکالر شپ دیا جائے گا۔ اسی طرح سپیشل چلڈرنز کو سالانہ 14 ہزار تک ایجوکیشن سکالر شپ دیا جائے گا۔ فیونل گرانٹ کے لئے25 ہزار روپے دیا جائیگا۔ اسی طرح جو جیل افسران دوران سروس فوت ہونے والے اور سروس کے دوران، ریٹائرڈ افسران کو بچے بچی کی شادی کے لئے 75 ہزار روپے دئیے جائیں گے جبکہ اسی طرح گریڈ 1 سے گریڈ 15 تک کے دوران سروس فوت ہونے والے ملازمین کے بچوں اور ریٹائرڈ ملازمین اور دوران سروس بچوں کی شادی پر 50 ہزار روپے میرج گرانٹ کی صورت میں دیا جائے گا۔ 45 سال سے زیادہ عمر کے جیل کے عملے یا ریٹائرڈ ملازمین کو فاؤنڈیشن کے ذریعے لکی ڈرا کے تحت حج کی سہولت بھی دی جائے گی۔ ہر سال پانچ ملازمین کو عمرہ اور پانچ کو حج کے لئے لکی ڈرا کے ذریعے بھجوایا جائے گا۔ جیل کے عملے کو جان لیوا یا سنگین بیماری کی صورت میں فاونڈیشن کی طرف سے 10 لاکھ روپے تک علاج کے لئے دینے کی منظوری فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل آئی جی جیل خانہ جات دے سکیں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئی جی پنجاب اگلی میٹنگ میں بیماریوں اور اس بیماری کو چیک کرنے کے بارے میں رپورٹ تیار کر کے اس کی منظوری لیں گے۔ غریب قیدیوں کے لئے فاونڈیشن کی طرف سے سہولیات کی منظوری دی گئی جس کے تحت واشنگ الاؤنس کیلئے متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ کیس بھجوائے گا۔ جس کو ریجنل کمیٹی فاؤنڈیشن کو بھجوائے گی اس کیلئے 500 روپے ماہانہ الاؤنس غریب قیدی کو ملے گا۔ اسی طرح زیادہ سے زیادہ 20 ہزار روپے تک کی لیگل ایڈ دی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ جیل میں قیدی کے فوت ہونے پر 10 ہزار تک دفنانے کے لئے دئیے جا سکیں گے اور میت کو گھر تک لے جانے کے لئے ایمولینس کا کرایہ بھی فاؤنڈیشن دے گی۔ فاؤنڈیشن کے دفتر قائم کرنے کی بھی منظوری اجلاس میں دی گئی۔ ریجنل کمیٹیوں کو قائم کرنے کی منظوری دی گئی جس کے تحت ڈی آئی جی ریجن چیئرمین ہوں گے، متعلقہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اس کا ممبر ہو گا۔ جیلوں کی کینٹین کی نیلامی کے لئے کمیٹی کے سربراہ سیکرٹری خزانہ ہونگے جبکہ ڈی آئی جیل ریجن کا ممبر، ڈی آئی جی انسپکشن، اے آئی جی جوڈیشل اور متعلقہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کا ایک افسر اس کا ممبر ہو گا۔ ہر سال اپریل میں جیل کی کینٹین کو نیلام کیا جائے گا۔ فاؤنڈیشن اپنی آمدن بڑھانے کے لئے 32 جیلوں میں پی سی او کھولے گی جس میں پہلے فیز میں سینٹرل جیل لاہور، سینٹرل جیل ساہیوال، سینٹرل جیل روالپنڈی، سینٹرل جیل فیصل آباد اور سینٹرل جیل بہاولپور میں قیدیوں کیلئے پی سی او کھولے جائیں گے۔ جبکہ جیل کے تمام ملازمین فاؤنڈیشن کے لئے رقم کی کٹوتی ہو گی جس کے تحت گریڈ 1 سے گریڈ 5 تک 50 روپے، گریڈ 6 سے گریڈ 14 تک 100 روپے، گریڈ 15 سے گریڈ 18 تک 150 روپے، گریڈ 19 سے گریڈ 21 تک 200 روپے ماہانہ کٹوتی ہو گی۔

مزیدخبریں