پشاور+ ہنگو (اے پی پی) گورنمنٹ ہائی سکول ابراہیم زئی ضلع ہنگو کے طالبعلم 16سالہ اعتراز احسن نے خودکش بمبار کو روک کر متعدد طالب علموں کی جان بچائی۔ اعتراز احسن صبح دوستوں کے ہمراہ نکلا سکول کے قریب پہنچتے ہی سکول کی یونیفارم میں ملبوس خودکش بمبار نے اعتراز احسن اور اسکے ساتھیوں سے پوچھا کہ سکول کہاں پر ہے اس دوران اعتراز احسن کے باقی ساتھی بچے بھاگ گئے جبکہ اعتزاز نے خودکش بمبار کو پہچان کر اسے سکول جانے سے روکنے کی کوشش کی۔ اسی اثناء میں خودکش حملہ آور اور طالبعلم کے درمیان تکرار ہوئی جس کے بعد خودکش نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ سکول میں 1500سے زائد طالبعلم موجود تھے۔ دریں اثناء خودکش دھماکے میں جاں بحق نویں جماعت کے طالبعلم اعتزاز احسن کوگزشتہ شب سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے سپردخاک کر دیا گیا انکی نمازجنازہ میں سکول کے طالبعلموں، اساتذہ، پولیس حکام اور علاقہ کے معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔