پشاور (بیورو رپورٹ) پشاورکی احتساب عدالت نے خیبر پی کے پولیس کیلئے اسلحہ کی خریداری کے میگا سکینڈل میںسابق وزیراعلیٰ کے بھائی کے قریبی رشتہ دار سمیت گرفتار دو ملزمان کو تفتیش کیلئے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔ گذشتہ دورحکومت میںخیبر پی کے پولیس کیلئے اسلحہ کی خریداری میں وسیع پیمانے پرگھپلوںکے الزام میںسابق انسپکٹرجنرل پولیس ملک نوید کی گرفتاری کے بعد سابق وزیراعلیٰ امیر حیدرخان ہوتی کے بھائی غزن خان ہوتی کے برادر نسبتی رضاعلی سمیت دو دیگر افرادکوبھی قومی احتساب بیورونے حراست میںلیاجس کے بعد ان ملزمان کو ولایت علی شاہ گنڈا پور پر مشتمل احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اور نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان اسلحہ خریداری کے معاملہ میںکروڑوںروپے کی وصولی میں ملوث ہیں لہٰذا ان ملزمان کو پوچھ گچھ کیلئے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کرنے کی درخواست کی گئی جس پر احتساب عدالت نے نیب کے وکیل کی درخواست پر دونوں ملزموں کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔