وہاڑی (نامہ نگار) غربت سے تنگ دو بچوں کے باپ نے پنکھے سے جھول کر خودکشی کرلی۔ پولیس تھانہ صدر نے کارروائی کے بعد نعش ورثاءکے حوالے کردی۔ نواحی گاﺅں 39/ ڈبلیو بی کا غریب محنت کش رانا عبدالستار جو دو بچوں کا باپ ہے، نے مسلسل بے روزگاری اور غربت سے تنگ آکر مبینہ طور پرگلے میں پھندا ڈال کر چھت پر لگے پنکھے کے پائپ سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ جس کی اطلاع پر اہل علاقہ اور متوفی کی بیوی نسیم بی بی نے پولیس تھانہ صدر کو دی جس نے آکر نعش اتاری۔ پولیس تھانہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاءکے حوالے کردی۔ بیوہ نسیم بی بی نے صحافیوں کو بتایا کہ میرا خاوند مسلسل بیروزگار تھا اور اکثر پریشان رہتا تھا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق والدین کی سرزنش سے دلبرداشتہ ہونے والے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھاکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ شریف پورہ کے رہائشی 20 سالہ لقمان نے والدین کی سرزنش سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا لیں جسے اسکے ورثاءنے فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا مگر حالت مزید بگڑ جانے کے باعث نوجوان کو لاہور ہسپتال میں ریفر کیا گیا جہاں پر وہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔
خودکشیاں