لیکچررز کی بھرتی کیلئے تعلیمی قابلیت ایم فل ہوگی

Jan 08, 2015

اسلام آباد( رستم اعجاز ستی /نامہ نگار) ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) کی جانب سے ملک بھر کی جامعات میں لیکچررز کی بھرتی کیلئے کم از کم تعلیمی قابلیت ایم فل کرنے کا فیصلہ نافذ العمل ہوگیا، یکم جنوری 2015 سے ملک بھر کی جامعات میں لیکچررز کی بھرتی کیلئے کم از کم تعلیمی قابلیت ایم فل لازم ہو گی، ایچ ای سی نے ملک بھر کی جامعات کی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا، ذرائع کے مطابق 20اپریل 2012 کو ایچ ای سی کے کوالٹی ایشورنس ڈویژن کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں ملک بھر کی جامعات کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ یکم جنوری 2015 سے ملک بھر کی جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں میں لیکچررز کی بھرتی کیلئے کم از کم تعلیمی قابلیت ایم اے کے بجائے ایم فل ہو گی جبکہ یکم جنوری 2016 سے اسسٹنٹ پروفیسر کی بھرتی کیلئے ایم فل کے بجائے پی ایچ ڈی ہو گی، ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ایچ ای سی کمیشن کی منظوری سے کیا گیا تھا جو کہ ایک قانون کا درجہ رکھتا ہے، اس فیصلے کی وجہ یہ تھی کہ دو سال قبل ملک بھر کی جامعات میں اپ گریڈیشن کی گئی تھی اور لیکچررز کو گریڈ17سے اٹھارہ جبکہ اسسٹنٹ پروفیسرز کو گریڈ18سے19دیدیا گیا تھا جس کے بعد انکی تعلیمی قابلیت میں اضافے کیلئے ملک بھر کی جامعات کو دو سال کا وقت دیا گیا، یکم جنوری 2015 سے یہ فیصلہ نافذ العمل ہے اور ایچ ای سی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکی مانیٹرنگ کرے، ذرائع کے مطابق ایچ ای سی کمیشن کا فیصلہ قانون کا درجہ رکھتا ہے ، اب اگر یہ فیصلہ نافذ ا لعمل نہیں ہوتا تو اسے ختم کرنے کیلئے جامعات کو دوبارہ ایچ ای سی کمیشن سے رجوع کرنا پڑے گا۔

مزیدخبریں