کراچی (این این آئی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے گھر گئے اور ان کی والدہ عصمت صدیقی سے ملاقات کی۔سراج الحق نے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی بیٹی کی تقریبا 13سال کی مسلسل اسیری پر اظہار افسوس اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ سراج الحق نے کہا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا مسئلہ پوری قوم کا مسئلہ ہے جماعت اسلامی نے ہمیشہ اس مسئلہ پر آواز اٹھائی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے وہ سرکاری سطح پر یہ مسئلہ اٹھائے اور قوم کی بیٹی کی رہائی کو جلد ممکن بنائے۔ ہم اس مسئلہ کو سینٹ میں اٹھائیں گے اور انسانی حقوق کی بنیاد پر رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے چوہدری نثار اورسرتاج عزیز سے بات چیت کی جاچکی ہے لیکن تسلی بخش جواب نہیں ملا اب ہر صورت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے اعلیٰ سطح پر کوششیں کی جائیں گی اور عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ عصمت صدیقی نے سینیٹر سراج الحق کی آمد کا خیر مقدم کیا اورکہا جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو بغیر کسی غرض کے ہمارے ساتھ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کوششیں کررہی ہے۔ مزید برآں کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے جانے والے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی ایک علم دوست، قلم دوست اور کتاب دوست جماعت ہے۔ اس لیے ہمارا صحافی حضرات سے قلبی اور فطری تعلق ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے ایران اور سعودی عرب کے تنازع میں مصالحتی کردار ادا کرے ۔