اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پٹھانکوٹ واقعہ سے متعلق بھارت کی طرف سے دی جانے والی معلومات پر ہونے والی کارروائی پر غور کیا گیا۔ حکام نے بریفنگ دی کہ بھارت کی معلومات پر کوئی ٹھوس لیڈ نہیں ملی، کارروائی جاری ہے، مزید معلومات طلب کی جائیں گی۔ مزید معلومات ملنے کی صورت میں واضح صورتحال سامنے آسکے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں محسوس کیا گیا کہ بھارتی معلومات تشنہ ہیں جس کے پیش نظر تحقیق آگے بڑھانے میں مدد نہیں ملے گی جبکہ ابھی تک کسی دہشت گردی کے پاکستانی سرزمین سے حوصلہ فزائی کے شواہد نہیں ملے۔ بھارت سے کہا جائے گا کہ وہ مزید معلومات دے جس کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ٹی وی کے مطابق کسی دہشت گرد گروپ کے ملوث ہونے سے متعلق ابھی تک حتمی شواہد نہیں ملے۔ اجلاس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے بھارتی وزیراعظم نریندری مودی سے پٹھان کوٹ حملے پر ہونیوالی بات چیت کے حوالے سے بھی وفاقی وزراءاور مشیروں کو آگاہ کیا، وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور خطے کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کر نے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے وزیراعظم کو ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردوں، کالعدم تنظیموں کے ارکان سمیت دیگر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جاری نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزارت داخلہ اور ڈی جی آئی بی نے کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ رائٹرز کے مطابق ایک پاکستانی سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ بھارت نے جو انٹیلی جنس شیئر کی ہیں ان میں کچھ ٹیلی فون نمبرز، ٹیلی فونک گفتگو اور ایسے علاقے سے متعلق معلومات ہیں جن کے حوالے سے بھارت کا کہنا ہے کہ ائر بیس پر حملہ آوروں کے ساتھی یا مددگار اس علاقے میں موجود تھے۔ پاکستان شواہد پر کام کر رہا ہے اور امید کرتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ نہیں ہونگے۔ دی نیشن کے مطابق آئی بی کو بھارتی معلومات پر تحقیقات کا ٹاسک دیا جائے گا
اجلاس/ فیصلہ