تاشفین کا پاکستان میں ویزا انٹرویو معمول کے مطابق تھا، کوئی بے ضابطگی نہیں پائی گئی: رائٹرز

Jan 08, 2016

واشنگٹن (رائٹرز) کیلیفورنیا کے علاقے سان برنارڈینو میں فائرنگ کے واقعہ میں ملوث تاشفین ملک کے پاکستان میں ویزا انٹرویو کے دوران کوئی بے ضابطگی نہیں پائی گئی۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ عہدیداروں کے قریبی ذرائع کے مطابق ویزا انٹرویو کے ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ انٹرویو معمول کے مطابق تھا اور اس سے کسی قسم کے شکوک پیدا نہیں ہوتے تھے۔ ویزا پراسیس سے آگاہ امریکی ذرائع نے بتایا انٹرویو اگر اس سے زیادہ سخت بھی ہوتا تو حکام کی جانب سے تاشفین کو ویزا سے انکار کا امکان نہیں تھا۔ انٹرویو کے ایک پیرا گراف کے ریکارڈ کے مطابق تاشفین نے رضوان ملک کے ساتھ منگنی کی تقریب کی ایک تصویر، ای میلز اور اپنے اور رضوان کے درمیان رقوم کے تبادلے کے ثبوت فراہم کئے تھے۔ 22 مئی 2014ء کو ہونے والے انٹرویو میں تاشفین نے بتایا کہ اس کا رضوان سے آن لائن رابطہ ہوا۔ تاشفین نے رضوان کی تاریخ پیدائش اور فوڈ سیفٹی انسپکٹر کا عہدہ بھی درست بتایا۔ رپورٹ میں پاکستان میں انٹرویو کے مقام اور انٹرویو کے دورانیے کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ 

مزیدخبریں