کابل (اے پی پی+آئی این پی ) عراق میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے 19 شہری شدت پسند تنظیم داعش کی طرف سے لڑتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق عراق کے شہر موصل میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں19 افغان شہری ہلاک ہوگئے۔ ان میں ان کا گروپ لیڈر حبیب اللہ افغانی بھی شامل تھا جو نینوا کے علاقے میں بارودی سرنگوں کا ماہر تصورکیا جاتا تھا۔ افغان میڈیاکے مطابق عراقی ذرائع نے کہا ہے کہ شدت پسند ان شہریوں کی نعشیں اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ دریں اثنارواں سال کے دوران نیٹو کی جانب سے افغان فوج کو100ایم 1151 فوجی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی ۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق نیٹو کی قیادت میں بین الاقوامی فوجی مشن کی جانب سے رواں سال کے دوران افغانستان کی سکیورٹی فورسز کو100 جدید فوجی گاڑیاں فراہم کی جارہی ہیں ۔ یہ گاڑیاں معیاری ہم وی گاڑیوں سے بھی جدید ہیںاور اسے عسکری سرگرمیوں کیلئے مثالی تصورکیا جاتا ہے۔
عراق میں19 افغان داعش کی طرف سے لڑتے ہوئے ہلاک ہوگئے
Jan 08, 2016