دوسرے روز بھی بارش‘ لاہور میں پھر 30 فیڈر ٹرپ کر گئے‘ لوڈشیڈنگ جاری

لاہور (نامہ نگاران+ نیوز رپورٹر) لاہور سمیت مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی بارش ہوئی‘ صوبائی دارالحکومت میں 36 فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ ڈسکہ‘ سمبڑیال و نواحی علاقوں میں ژالہ باری‘ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ دینہ میں ٹریفک حادثہ کے دوران کمسن بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے کاروبار ٹھپ‘ چولہے ٹھنڈے کر دئیے۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں ہلکی بارش کے باعث لیسکو کے 36 فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ سردی کی شدت میں اضافے سے گیس بھی بند رہی۔ صوبائی دارالحکومت کے شہری گیس اور بجلی سے دونوں سے محروم رہے۔ ہفتے کے روز شہر کے مختلف حلقوں میں گیس کی سپلائی مکمل بند رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایل پی جی کے سلنڈر کے استعمال میں اضافے نے شہریوں کے بجٹ میں اضافہ کر دیا ہے۔ بارش کے بعد سردی میں بھی اضافہ ہو گیا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے گھروں کے چولہے ٹھنڈے اور کاروبار ٹھپ کر دئیے۔ خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ گیس کی بندش کے باعث بچے بھوکے سکول جانے پر مجبور ہیں۔ کوٹ رادھاکشن سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور گردونواح میں شدید سردی کے بعد سوئی گیس کا پریشر کم ہو گیا جس کی وجہ سے صبح و رات کے اوقات صارفین کو شدید دقت کا سامنا ہے۔ دوسری طرف تندروں پر لوگوں کا بے پناہ رش ہے۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شہر گردونواح میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔ بجلی و گیس کے بحران سے فرنیچر کے کارخانے‘ ورکشاپیں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدور بے روزگاری کا شکار ہوگئے۔ شکرگڑھ میں بجلی کی بغیر شیڈول لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی ٹھپ کر دیا‘ شکرگڑھ شہر میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے‘ ڈسکہ سے نامہ نگار اور نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈسکہ و گردونواح میں موسم سرما کی پہلی موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے شہریوں کے چہرے مسکرا اٹھے ہر جگہ جل تھل ہو گئی۔ بارش‘ ژالہ باری اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سمبڑیال سمیت مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بارش کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی جاری رہی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی گھروں سے گیس غائب رہنے لگی جس سے گھریلو خواتین کی پریشانی اور مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دینہ سے نامہ نگار کے مطابق تیز رفتار کار بارش کے باعث پھسل کر گہری کھائی میں جا گری جس سے ایک ہی خاندان کی کمسن بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گزشتہ روز جہلم کے رہائشی خاندان کے اقبال حسین‘ عائقہ عمران‘ بینش عمران اور رامعین ایک شادی کی تقریب کے بعد اسلام آباد سے جہلم آ رہے تھے جی ٹی روڈ دینہ اور چکوہا کے دوران چک مہیوں کے قریب کار پہنچی تو تیز رفتاری اور بارش کی وجہ سے پھسلن سے موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری جس سے 61 سالہ اقبال حسین اور 15 سالہ عائقہ عمران موقع پر دم توڑ گئے جبکہ بینش اور رامعین شدید زخمی ہو گئے جن کو مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دیا۔مری سے نامہ نگار کے مطابق مری میں برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تین دن کے وقفے کے بعد سے جمعرات سے برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا جو چار سے پانچ روز جاری رہیگا۔ علاوہ ازیں کشمیر، چترال، گلگت بلتستان، کوئٹہ، سوات اور بلوچستان بھر میں برف باری سے درجہ حرارت نمایاں طور پر گر گیا۔ لواری ٹاپ پر اب تک 8 فٹ برف پڑ چکی ہے۔ سوات اور شانگلہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ بلوچستان کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 5 تک پہنچ گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن