کراچی(آئی این پی+صباح نیوز) سابق صدر مملکت آصف زرداری نے گزشتہ شام قومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کی عیادت کی۔ کراچی کی تنظیم سازی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ زرداری کا قافلہ ہفتے کو بھی قومی امراضِ قلب کے ادارے کے پاس موجود سیوریج کے پانی سے گزر کے ہسپتال پہنچا۔ واضح رہے زرداری بیرون ملک سے 12 روز قبل وطن واپس آئے تھے اور وہ تیسری مرتبہ ڈاکٹر عاصم کی عیادت کرنے ہسپتال گئے۔ علاوہ ازیں کراچی کی احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین و دیگر کیخلاف کرپشن سے متعلق نیب ریفرنسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی۔ گزشتہ روز احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم و دیگر کیخلاف 462 اور 17 ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم کو عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ریفرنسز کی مزید سماعت بغیر کسی کارروائی کے 14 جنوری تک ملتوی کردی۔