عافیہ وطن واپسی کیلئے صدر یا وزیراعظم کے ایک خط کی منتظر ہے : ڈاکٹر فوزیہ

Jan 08, 2017

کراچی ( صباح نیوز) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ اب تک 1000 قیدیوں کو رہا کرچکے ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ کی تبادلہ پٹیشن منظور ہوچکی ہے اور پارڈن اٹارنی (Pardon Attorny) کی میز پر صدر مملکت یا وزیراعظم کے ایک خط کی منتظر ہے یا دوسرے لفظوں میں عافیہ کی وطن واپسی میں صدر مملکت یا وزیراعظم پاکستان کا ایک خط رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ حکمران اگر ایک ہفتے میں امریکی صدر کوخط بھیج دیں تو عافیہ کی جلد وطن واپسی ممکن ہوسکتی ہے۔ وہ پاکستان ملت پارٹی کے چیئرمین محمد عبدالحق اعوان کی گلشن اقبال، کراچی میںواقع ڈاکٹر عافیہ کی رہائش گاہ آمد پرگفتگو کررہی تھیںاس موقع پر عبدالحفیظ جتوئی، شعیب ملک و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ تو ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرنے کیلئے تیار ہے اب رکاوٹ وہ بنے ہوئے ہیں جنہوں نے 100 دن میں عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا۔ ہم نو ماہ سے صدر یا وزیراعظم کے ایک خط کیلئے درخواستیں کررہے ہیں ۔حکومت کی جانب سے خاطر خواہ جواب نہ ملنے پر اعلیٰ عدلیہ سے بھی رجوع کیا ہے۔ سرکاری حکام عدالتوں میں پیش نہیںہوتے ۔عافیہ کی قیدِ ناحق کو14 سال ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں