بائولنگ چلی نہ بیٹنگ، پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ میں220 رنز سے شکست، آسٹریلیا کا مسلسل چوتھا وائٹ واش

Jan 08, 2017

لاہور(نمائندہ سپورٹس) آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 220 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کردیا۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 465 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 244رنز بنا کرآئوٹ ہوگئی۔میچ کے پانچویں روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پہلے ہی اوور میں اظہر علی کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا نے جیت کی بنیاد رکھی۔بابر اعظم ایک بار پھر ناکام رہے اور 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب یونس خان 13 رنز بنانے کے بعد ناتھن لیون کو وکٹ دے بیٹھے۔یاسر شاہ نے 93 گیندیں کھیل کر نائٹ واچ مین کا کردار بخوبی ادا کیا اور جب وہ پویلین لوٹے تو 96 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی۔اسد شفیق نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر سکورکو 136 رنزتک پہنچایا لیکن مچل سٹارک نے وکٹیں بکھیر کر ان کی پیش قدمی روک دی۔سرفراز احمد اور مصباح الحق نے ساتویں وکٹ کیلئے 52 رنز جوڑے لیکن کپتان نے سٹیو اوکیفی کو وکٹ تحفتاً پیش کی۔سرفراز احمد آسٹریلین بلے بازوں کیخلاف ڈٹ گئے لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نبھانے پر تیار نہ ہوا اور پوری ٹیم 244 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سرفراز 75 رنز پر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی طرف سے سرفرازاحمد کے علاوہ کوئی کھلاڑی نصف سنچری نہ بنا سکا۔آسٹریلیا نے میچ میں 220 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش بھی مکمل کر لیا۔یہ آسٹریلین سرزمین پر پاکستان کو لگاتار چوتھا وائٹ واش اور 12ویں مسلسل شکست ہے۔آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ آسٹریلین کپتان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 8وکٹوں پر538رنز اور دوسری اننگز 241رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کی تھی ۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 315رنز بنائے تھے ۔

مزیدخبریں