سڈنی ٹیسٹ پرآسٹریلیا کی گرفت مضبوط

Jan 08, 2018

سڈنی(آئی این پی)ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ پر آسٹریلیا نے اپنی گرفت مضبوط ہوگئی۔ پانچویں اور آخری روز کینگروز کو جیت کیلئے 6وکٹیں اور انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے210رنز درکار ہیں، ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے پہلی اننگز649رنز7کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی اور انگلش ٹیم پر پہلی اننگز میں303رنز کی سبقت حاصل کر لی، مارش برادران نے شاندار سنچریاں سکور کیں۔ انگلینڈ نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں93رنز پر4وکٹیں گنوا دیں، کپتان جو روٹ42اور جونی بیرسٹو 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو یہاں سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 479 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو شان مارش 98 اور مچل مارش 63 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، دونوں بھائیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 169 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 544 تک پہنچا دیا، مچل مارش 101 رنز بناکر ٹام کرن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔شان مارش نے 156 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، بدقسمتی سے وہ رن آئوٹ ہوگئے۔ مچل سٹارک 11 رنز بنا سکے جبکہ ٹم پائن 38 اور پیٹ کمنز 24 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ اس طرح آسٹریلیا نے 649 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ کینگروز نے پہلی اننگز میں 303 رنز کی سبقت حاصل کی۔ انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اوپنر مارک سٹونمین بغیر کوئی رن بنائے سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ایلیسٹر کک بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 10 رنز بناکر نیتھن لائن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ 43 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب جیمز ونس 18 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ڈیوڈ ملان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بنانے کے بعد لائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد جو روٹ اور جونی بیئرسٹو نے کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور ٹیم کا سکور 93 تک پہنچا دیا۔ روٹ 42 اور بیرسٹو 17 پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ نیتھن لائن نے دو جبکہ مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 210 رنز کی ضرورت ہے۔ 

مزیدخبریں