پاکپتن( نمائندہ نوائے وقت+آن لائن)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی تیسری شادی کی خبریں پاکپتن کی معروف سیاسی فیملی مانیکا خاندان کی بہو بشریٰ عرف پنکی سے گردش کر رہی ہیں۔ بشریٰ عرف پنکی کون ہے اس کے حوالے سے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق بشریٰ ریٹائرڈ کسٹم آفسیر میاں خاور حیات مانیکا کی بیوی تھی جن کے درمیان اختلافات کی وجہ سے علیحدگی ہوچکی ہے۔ بشریٰ پی ٹی آئی ضلع پاکپتن کے صدر سابق ایم این اے میاں احمد رضا خاں مانیکا کی بھابی ہیں۔ بشری کے پانچ بچے ہیں تین بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں ایک بیٹی کی شادی مسلم لیگ (ن) کے رہنما صوبائی وزیر ریونیو پنجاب میاں عطا محمد خاں مانیکا کے بیٹے میاں حیات مانیکا کے ساتھ ہوئی ہے۔ بشری ٰ کی دوسری بیٹی کی شادی حویلی لکھا کے معروف زمیندار یوسف خان کے بیٹے سے ہوئی ہے ۔ مانیکا فیملی کے ذرائع میاں خاور مانیکا اور بشریٰ کے درمیان اختلافات کی تصدیق کرتے ہیں لیکن عمران خان سے شادی کے حوالے سے مانیکا خاندان تصدیق نہیں کر رہے۔ عمران خان بشریٰ سے ملنے پانچ دفعہ پاکپتن انکے گھر واقع پرانی سبزی منڈی تشریف لائے اور ان دونوں شخصیات کے درمیان روحانیت اور انگوٹھی کے حوالے سے نیوز چینلز اور سوشل میڈیا پر خبریں کئی دفعہ گردش کرتی رہی ہیں لیکن اب دونوں کے درمیان شادی کی خبریں معمہ بنی ہوئی ہیں۔آن لائن کے مطابق میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے عمران خان کی پہلی بار 2015ء میں این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخاب سے قبل بشریٰ مانیکا سے ملاقات ہوئی تھی۔ بشریٰ مانیکا کی عمر 50 سال کے لگ بھگ ہے اور ان کا تعلق پاکپتن کے وٹو خاندان سے ہے۔بشریٰ کے سابق خاوند خاور فرید مانیکا کسٹمز آفیسر ہیں اور ان کے والد غلام فرید مانیکا وفاقی وزیر رہے ہیں۔ بشریٰ کے دو بیٹوں ابراہیم مانیکا اور موسیٰ مانیکا نے 2013ء میں ایچی سن کالج لاہور سے گریجوایشن مکمل کی اور اب بیرون ملک تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ تین بیٹیوں میں سب سے بڑی بیٹی مہرو مانیکا رکن صوبائی اسمبلی میاں عطا مانیکا کی بہو ہیں۔