نوازشریف کو ڈیل کی ضرورت نہیں‘ سینٹ میں اکثریت ‘ آئندہ الیکشن بھی جیتیں گے: مریم نواز

Jan 08, 2018

اسلام آباد (صباح نیوز+ آن لائن) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے ہمارے خلاف ایک کے بعد ایک سازش ہو رہی ہے، بلوچستان اسمبلی کے ساتھ جو کچھ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وہ بھی ایک سازش ہے۔ مسلم لیگ (ن) نہ صرف سینٹ میں اکثریت لے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات بھی جیتے گی، سینٹ اور آئندہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے، ہمیں کوئی ڈر نہیں، ڈر ان کو ہے جو سازش کر رہے ہیں، مریم نواز کی سیاست حق کو حق کہنے کی ہے اور سچ کو سچ کہنے کی ہے، میں حق اور سچ کہنے کی طاقت الحمد اللہ رکھتی ہوں، آئندہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب جو بھی ہو گا مسلم لیگ (ن) سے ہو گا۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا ڈیل اور این آر او کی خبریں وہ لوگ اڑا رہے ہیں جنہوں نے خود ڈیلیں اور این آر اوز کئے ہیں۔ آئندہ وہی کچھ ہونے جا رہا ہے جس کے خوف سے یہ ساری سازشیں ہو رہی ہیں، جس کے خوف میں آ کر وہ سارے لوگ جو ایک دوسرے کی شکلیں دیکھنے کے روادار نہیں ان کو ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا پڑ رہا ہے۔ سازش کے پیچھے کون ہے یہ ابھی ہمیں بتانے کی ضرورت نہیں ہے، بتائے بغیر پورا پاکستان جانتا ہے۔ سازشوں میں جتنی تیزی آ رہی ہے اس کی وجہ صرف یہی ہے نوازشریف مائنس نہیں ہو رہا۔ آن لائن کے مطابق مریم نواز نے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق خبروں پر بات کرتے ہوئے کہا وہ کسی کی ذاتی زندگی پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی تحریک عدل کا آغاز اسی وقت ہو گیا تھا جب عدالتی فیصلے کے بعد لوگ دانتوں میں انگلیاں دبا کر بیٹھ گئے تھے۔ اس کے بعد عمران خان اور جہانگیر ترین کا فیصلہ آیا تو اس نے اور زور و شور سے یہ بات ثابت کر دی تھی۔ کتنی بڑی ناانصافی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ان کے والد میاں نوازشریف کی ہر موومنٹ‘ ان کا ہر جلسہ‘ ان کی ہر تقریر اور ہر پریس کانفرنس اسی تحریک عدل کا حصہ ہے جس میں ہم نے عدلیہ تو بحال کرائی تھی لیکن اب عدل بحال کرائیں گے۔

مزیدخبریں