لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے اورکسی صورت انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ فروعی اختلافات باہمی تقسیم اور آپس کی دوریاں ملک کی سالمیت، وقار اور اتحاد کیلئے نقصان دہ ہے۔ پاکستان کے موجودہ حالات باہمی اتحاد اور اتفاق کے متقاضی ہیں اور اس مقصد کیلئے مشائخ عظام اور سجادگان کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ خانقاہوں اور آستانوں سے تحمل، برداشت، ایثار، سماجی ومعاشی انصاف، وسائل کی منصفانہ تقسیم، رواداری اور محبت کا پیغام جانا چاہیے۔ اس ابدی پیغام کو عام کرکے ہی ہمارے مسائل ختم ہوں گے اور پاکستان صحیح معنوںمیں عظیم رفاہی مملکت بنے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار دوسرے روز ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوفیا کرام نے اسلام کا آفاقی پیغام پہنچا کر بڑی ملی خدمت کی ہے اور پاکستان کو آج بھی اولیاء اور صوفیاکرام کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ہم سب کے ایمان کا بنیادی جزو ہے اور ناموس رسالت پر ہر مسلمان جان قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں جو ختم نبوت کو ایمان کا حصہ نہیں سمجھتا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان کے ساتھ اسلام کے حقیقی اور ابدی پیغام کی روح پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔ ایک دوسرے کے خلاف تقاریر اور فتوے جاری کرنا پاکستان اور اسلام کی کوئی خدمت نہیں۔ دانستہ یا غیر دانستہ انتشار پھیلانا درحقیقت اغیار اور دشمنوں کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔کیا دھرنوں سے معیشت کو سنوارا جاسکتا ہے؟ کیا دھرنوں سے غربت ختم کی جاسکتی ہے اور سب کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے؟ 2012ء سے شروع ہونیوالے دھرنوں نے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے، اس لئے میری آپ سے دست بدستہ درخواست ہے کہ دشمن اور اغیار ہمیں للکار رہے ہیں، ہمیں نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی جاری ہیں اور ان حالات میں ہمیں انتشار کی بجائے باہمی اتحادکی ضرورت ہے۔ پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کیلئے سیاست دانوں، ججوں، جرنیلوں، افسران، ڈاکٹروں، انجینئروں اورمعاشرے کے ہر فرد کو اپنا قومی،ملی و دینی فریضہ ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کے صدر نے پاکستان کے خلاف جو اعلان کیا ہے اور نفرت انگیز جملے ہمارے بارے میں کہے ہیں گزشتہ 70 سال میں کسی ملک کے سربراہ کو جرأت نہیں ہوئی کہ وہ پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرے۔ انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ کی بدنصیبی ہے کہ انہوں نے پاکستان کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال کیے ہیں حالانکہ پاکستان کی قوم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور یہ بات امریکہ سے لیکر پوری دنیا تک پہنچنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ڈالروں کیلئے نہیں بلکہ پاکستان اور دنیا کے امن کیلئے قربانیاں دی ہیں۔اس لئے کوئی ہماری ان قربانیوں کی قیمت ڈالروں میں لگانے کی کوشش نہ کرے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا عقیدہ ختم نبوت میرے ایمان کا حصہ ہے اور میں صدق دل سے سمجھتا ہوں کہ نبی آخرالزماں پر ایمان نہ رکھنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے، قادیانی غیر مسلم ہیں۔ صوبائی وزیر اوقاف زعیم حسین قادری نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفیا کرام اور مشائخ عظام نے تحریک قیام پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا۔ مشائخ عظام نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مٹی سے محبت ہمارے ایمان میں شامل ہے۔ وطن کی سالمیت اورحفاظت کی خاطر جب بھی ہمیں پکارا گیا ہم آپ کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ کنونشن میں صوبہ بھر سے 150 سے زائد گدی نشین اور سجادگان نے شرکت کی۔ ملکی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ کنونشن کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ’’ پاکستان میں قیام اور اس کے استحکام میںمشائخ عظام، معروف آستانوں کے سجادگان اور اکابر دینی یا روحانی شخصیات کا کردار ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ وطن عزیز کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ مشائخ عظام وسجادگان اوراکابر دینی و روحانی شخصیات، قومی یکجہتی، ملکی استحکام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مجموعی امن و امان کے قیام کو مستحکم رکھنے کیلئے ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی اور کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم حکومت پنجاب کی وساطت سے پوری قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ درگاہیں اور آستانیں، دفاع وطن اور قومی و ملی سلامتی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ہم ضرورت پڑنے پر پوری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحدہ و متفق کھڑے ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خودمختار اور خوشحال پاکستان کی منزل کا حصول ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سے وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عبدالرحمان کانجو نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کی تیز رفتار ترقی کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں اور صوبے بھر میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیاجارہاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کوٹ مومن (سرگودھا) کے جلسے کے دوران ایک شخص کی حصول انصاف کی درخواست کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ شہری کو آر پی اور ڈی پی او سرگودھا کے ہمراہ ملاقات کیلئے بلالیا۔
پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے‘ انتشار کا متحمل نہیں‘ علما اتحاد کے لئے کردار ادا کریں: شہباز شریف
Jan 08, 2018