نئی دہلی (آئی این پی ) چین نے بھا ر ت کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کی اصل روح سے آگاہ کر دیا جبکہ بھارت نے چین کے ساتھ مل کر مشترکہ مفاد میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر آمادگی کا اظہار ظاہر کیا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے ایک وفد نے بھارتی سیاستدانوں کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے دوران حاصل کی جانے والی کامیابیوں سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے عمومی دفتر کے ڈپٹی ڈائریکٹر مینگ شیانگ فینگ کی قیادت میں چینی وفد نے چار روزہ دورے کے دوران بھارت میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی، حزب اختلاف جماعت کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کی۔ چینی وفد نے بھارتی سیاستدانوں اور دہلی اور ممبئی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کی اصل روح سے آگاہ کیا۔