ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث نوجوان سمیت 2 مریض جاںبحق ہو گئے جس پر ورثا سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے ہنگامہ آرائی کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اڈہ ٹبی پال کے قریب حادثہ میں موٹرسائیکل سوار نوجوان نذر شدید زخمی ہو گیا جسے نیورو سرجری وارڈ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں داخل کرا گیا جہاں ڈاکٹروں اورسٹاف نے مبینہ طور پر مریض کے علاج میں تاخیری حربے استعمال کئے اور مریض کو پرائیویٹ کلینک پر لے جانے کی ترغیب دی انکار پر ڈاکٹروں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا اس دوران مریض جاں بحق ہو گیا جس پر ورثاء نے احتجاج کرنا شروع کر دیا بعدازاں سکیورٹی گارڈز اور پولیس نے آکر صورتحال کو کنٹرول کیا۔ اسی طرح ہسپتال کے امراض دل کے وارڈ میں 70سالہ مریض رفیق کو امراض قلب کے وارڈ میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے اس کی بھی حالت نازک ہو گئی تو مریض کو لاہور ریفر کر دیا گیا تاہم جب مریض کے ورثاء نے ایمبولینس میں ڈالا تو حالت مزید بگڑ گئی اسے واپس ایمرجنسی وارڈ لایا گیا تو وہ دم توڑ گیا جس پر مریض کے ورثاء نے ایمرجنسی میں ہنگامہ آرائی کی ڈاکٹروں کو گالیاں دیں بعدازاں پولیس فریدٹائون نے مو قع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔ تاہم ورثاء نے مطالبہ کیا مریض کی ہلاکت کی تحقیقات کرائی جائیں۔