لاہور( این این آئی)سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر عوامی تحریک کی اے پی سی کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون کو مستعفی ہونے کےلئے 7جنوری کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ،آئندہ کے لائحہ عمل کےلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج ( پیر) کے روز طلب کر لیا گیا ۔عوامی تحریک کی جانب سے 30دسمبر کو لاہور میں طلب کی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو مستعفی ہونے کےلئے 7جنوری کی ڈیڈ لائن دے کر تمام جماعتوںکے رہنماﺅں پر مشتمل سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی کے آج پیر کے روز ہونے والے اجلاس میں تمام ممبران شریک ہوں گے۔ اجلاس میں احتجاج کے طریق کار اورقانونی پہلوﺅں پر غور کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ دھرنا دینا ہے یا ملک بھر میںاحتجاج کرنا ہے اس کا فیصلہ سٹیرنگ کمیٹی نے کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حصول انصاف کےلئے پر امن احتجاج ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اور آج ہونے والے اجلاس میں اسی پر غور کیا جائے گا۔
ڈیڈ لائن ختم
سانحہ ماڈل ٹاﺅن ،وزیر اعلیٰ اور وزیر قانون کودی جانےوالی ڈیڈ لائن ختم
Jan 08, 2018