کراچی(سٹاف رپورٹر) وفاقی سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگا نے واضح کیا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم نہیں کی جائے گی بلکہ مزید غیرضروری اشیاءکی درآمد پر ریگولیٹری عائد کی جائے گی۔کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں و صنعت کاروں سے خطاب کے دوران یونس ڈھاگا نے کہا کہ 3 سال سے گرتی ہوئی برآمدات کے مقابلے میں گزشتہ سال ایکسپورٹ میں 10 تا15 فیصد کااضافہ ہوا ہے جس میں چاول اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جو مصنوعات ملک میں تیار ہوتی ہیں ان کی درآمدات قومی مفاد میں نہیں، برآمدکنندگان زائد پیداواری لاگت اور ریفنڈز کی بات کرتے ہیں جنہیں حل کیا جارہا ہے۔
یونس ڈھاگا نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑے گا، یہ مجبوری ہے، کراچی ایکسپو سنٹر کے ساتھ آئی ٹی پارک کے قیام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کراچی چیمبرمیں تاجروں سے تجارتی سیاست کے لیے نہیں بلکہ تجارت سے متعلق تجاویز سننے آئے ہیں، ہمارے لیے تمام تاجر قابل احترام ہیں چاہے وہ کسی بھی چیمبر اور ایسوسی ایشن کی اپوزیشن ہی کیوں نہ ہو لہٰذا تاجرنمائندے صرف بزنس کے حوالے سے بات کریں، سیاست کے حوالے سے کسی اور فورم پر بات چیت کی جائے، جعلی یابوگس تجارتی ایسوسی ایشن یا چیمبر کی شکایت کراچی چیمبر کو ہے تو اس کے لیے قانون موجود ہے اور اس ضمن میں ڈی جی ٹی او کے پاس شکایت کی جائے۔
ریگولیٹری ڈیوٹی
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑےگا:یونس ڈھاگا
Jan 08, 2018